پشاور(نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے نیا نظام متعارف کرادیا گیا ، جس کے تحت گاڑی فروخت کے بعد بھی نمبر پرانا مالک اپنے پاس رکھ سکے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے نیا “پرسنلائزڈ رجسٹریشن مارک سسٹم” متعارف کرادیا ہے۔
نئے ڈیجیٹل سسٹم کا مقصد جعلی نمبر پلیٹس اور کلوننگ کے خاتمے کے ساتھ رجسٹریشن کے عمل کو تیز اور کرپشن فری بنانا ہے۔
نظام کے تحت نمبر پلیٹ گاڑی کی بجائے شہری کی ملکیت ہوگی، اور شناختی کارڈ یا موبائل نمبر کی طرح شہری ہی گاڑی کے نمبر کا مالک ہوگا۔
گاڑی فروخت ہونے کی صورت میں پرانا نمبر فروخت کنندہ کے پاس رہے گا، جبکہ خریدار نئے نمبر کے لیے درخواست دے سکے گا۔ شہری اپنا نمبر تین سال تک بغیر گاڑی کے بھی محفوظ رکھ سکے گا۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ ایکسائز کے لیے منشیات کے خلاف “شہید پیکج” کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث ہر شخص کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنایا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے یقین دہانی کرائی کہ بڑے مفرور عناصر پر بھی کارروائی کی جائے گی اور خیبرپختونخوا کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے مکمل اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نیا نظام عوام کو ریلیف دینے اور گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوگا، اور آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
مزیدپڑھیں:کراچی کے بعد ایک اور شہر میں ای چالان شروع کرنے کا فیصلہ

