راولپنڈی(اوصاف نیوز)عدالت نے 9 مئی سمیت دیگر 5 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی گرفتاری سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کیس پر سماعت کی۔ عدالت نے 27 جنوری تک متعلقہ مقدمات میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی گرفتاری سے روک دیا۔ عدالت نے اگلی سماعت میں بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں یا بذریعہ ویڈیو لنک پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کیجانب سے شمسہ کیانی ایڈووکیٹ پیش ہوئیں۔ بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث ضمانت کی درخواستوں پر دلائل نہ ہوسکے۔ عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 27 جنوری تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی، اقدام قتل، جعلی رسیدوں سمیت دیگر مقدمات درج ہیں۔ بشریٰ بی بی کیخلاف مبینہ جعلی رسیدیں جمع کروانے پر مقدمہ درج ہے۔
مزیدپڑھیں:موٹر وے ایم 5 پر بس اور ایمبولنس میں تصادم، 4 افراد جاں بحق




