اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسلام آباد ریجن کی بلدیاتی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس چیئرمین ملک عامر علی اعوان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں بلدیاتی کمیٹی کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس میں تمام یونین کونسلوں کیلئے بلدیاتی ٹکٹس میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا گیا، جسے پارٹی میں شفافیت کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ملک عامر علی اعوان نے کہا کہ ریجنل صدر عامر مسعود مغل کی ہدایات اور چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق پارٹی ایسے نمائندوں کو آگے لانا چاہتی ہے جو دیانتدار، تعلیم یافتہ، باصلاحیت ہوں اور ملک، قوم اور پاکستان تحریک انصاف کیلئے عملی قربانیاں دے چکے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شفاف اسکور کارڈ نظام پارٹی کے وفادار کارکنوں کو ان کی جدوجہد اور قربانیوں کا حقیقی صلہ دے گا۔
فیصلے کے مطابق بلدیاتی ٹکٹس کی تقسیم مکمل طور پر ایک شفاف اسکور کارڈ سسٹم کے تحت کی جائے گی، جس میں پارٹی سے دیرینہ وابستگی، 9 اپریل 2022 سے 9 مئی 2023 اور اس کے بعد جاری تحریکی سرگرمیوں میں کردار، عام انتخابات 2024 میں عملی حصہ داری اور عمران خان کی حقیقی آزادی تحریک میں فعال کردار کو برابر وزن دیا جائے گا۔
اجلاس میں تمام اراکین بلدیاتی کمیٹی کو ہدایت دی گئی کہ وہ ہر یونین کونسل میں نظریاتی اور متحرک کارکنوں کے کاغذاتِ نامزدگی فوری طور پر جمع کروائیں اور ہر وارڈ میں ایک سے زیادہ امیدواروں کو میدان میں لانے کی کوشش کی جائے تاکہ میرٹ کی بنیاد پر بہترین امیدوار کا انتخاب ممکن ہو سکے۔
انتخابی عمل کی شفاف نگرانی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ میٹنگز منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جبکہ امیدواروں کو نامزدگی سے لے کر پولنگ ڈے تک مکمل قانونی معاونت فراہم کرنے کیلئے لیگل کمیٹی کو متحرک رکھنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ ممکنہ حکومتی دباؤ، دھاندلی اور رکاوٹوں کے خدشات کے باوجود ایک مؤثر، محفوظ اور منظم انتخابی حکمتِ عملی تیار کی جائے گی تاکہ عوامی مینڈیٹ کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
فیصلہ کیا گیا کہ کاغذاتِ نامزدگی کا عمل مکمل ہونے کے فوراً بعد ریجنل صدر عامر مسعود مغل ریجنل پارلیمانی بورڈ کا اعلان کریں گے، جو مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر بلدیاتی ٹکٹس کی تقسیم کا ذمہ دار ہوگا۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل بلدیاتی کمیٹی انجم شہزاد تنولی نے کہا کہ پارٹی کا انتخابی منشور ریجنل صدر عامر مسعود مغل کی منظوری کے بعد جلد جاری کیا جائے گا، ہر حلقے میں موبلائزیشن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور ریجنل پارلیمانی بورڈ کاغذاتِ نامزدگی جمع ہونے کے فوراً بعد فعال ہو جائے گا۔
مزیدپڑھیں:چاند پر نیوکلیئر پاور پلانٹ روس کا خلائی دوڑ میں نیا قدم




