Search
Close this search box.
جمعه ,05 جون ,2026ء

سابق وزیرِ خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر انتقال کر گئیں

کراچی(ویب ڈیسک)سابق وزیرِ خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر انتقال کر گئیں۔
ڈاکٹر شمشاد اختر نے 2 جنوری 2006ء کو بینک دولت پاکستان کی 14 ویں گورنر کا عہدہ سنبھالا تھااوروہ سٹیٹ بینک کی پہلی خاتون گورنر تھیں، انہیں بینکاری کا قومی اور بین الاقوامی وسیع تجربہ حاصل تھا۔
گورنر اسٹیٹ بینک تقرری سے قبل وہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے بطور ڈائریکٹر جنرل شعبہ جنوب مشرقی ایشیا وابستہ تھیں اور اس عہدے پر جنوری 2004ء سے کام کر رہی تھیں، قبل ازیں وہ اس شعبے کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل تھیں وہ ایشیائی ترقیاتی بینک میں ڈائریکٹر، نظم و نسق، مالیات اور تجارت ڈویژن برائے مشرقی اور وسط ایشیا کے عہدے پر بھی فائز رہیں۔
شمشاد اختر نے ایشیائی ترقیاتی بینک میں اپنے کیریئر کا آغاز 1990ء میں کیا اور مالی شعبے میں بطور سینئر اور مرکزی اسپیشلسٹ خدمات انجام دینے کے بعد 1998ء میں وہاں منیجر بن گئیں،وہ 1998ء سے 2001ء تک ایشیائی ترقیاتی بینک کی کوآرڈینیٹر برائے اپیک وزرائے خزانہ گروپ بھی رہیں،انہوں نے بینک کی کئی کمیٹیوں میں خدمات انجام دیں جن میں تنظیمِ نو کمیٹی، اپیلز کمیٹی اور نگراں کمیٹی وغیرہ شامل ہیں۔
ایشیائی بینک میں آنے سے قبل شمشاد اختر نے پاکستان میں عالمی بینک کے ریذینٹ مشن کے ساتھ بطور ماہر معاشیات دس سال کام کیا، وہ وفاقی اور سندھ حکومت دونوں میں محکمہ منصوبہ بندی کے ساتھ کچھ عرصہ منسلک رہیں،انہوں نے کئی موضوعات پر مقالات بھی تحریر کیے،انہوں نے پاکستان کے سٹاک ایکسچینج سمیت نجی اداروں کے ساتھ بھی کام کیا، مالی منڈیوں کی اصلاحات پر وہ مرکزی بینکوں کو مشاورت فراہم کرتی رہی ہیں۔ حیدر آباد میں پیدا ہونے والی شمشاد اختر نے ابتدائی تعلیم کراچی اور اسلام آباد میں حاصل کی، انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے 1974ء میں بی اے اکنامکس اور قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے ایم ایس سی اکنامکس کیا، انہوں نے یونیورسٹی آف سسیکس سے 1977ء میں ڈیولپمنٹ اکنامکس میں ایم اے، اور برطانیہ کے پیسلے کالج آف ٹیکنالوجی سے 1980ء میں معاشیات میں ڈاکٹریٹ کیا۔
رپورٹ کے مطابق ان کی نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر کراچی میں ادا کی جائے گی۔
مزیدپڑھیں:اسسٹنٹ باؤلنگ کوچ انتقال کر گئے

یہ بھی پڑھیں