اسلام آباد(نیوز ڈیسک) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر توہین آمیز اور جھوٹا مواد پوسٹ کرنے کے الزام میں ایک شہری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق شکایت کنندہ معروف صحافی رؤف کلاسرا نے این سی سی آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر اسلام آباد سے رجوع کیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزم سید زین علی ولد سید عنایت حسین نے فیس بک پر جعلی، ہتک آمیز، تضحیک آمیز اور دھمکی آمیز مواد شائع کیا جس سے ان کی ساکھ، عزت اور وقار کو شدید نقصان پہنچا۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے کی گئی انکوائری نمبر RE-157/2026 کے مطابق ملزم نے 14 جنوری 2026 کو اپنے فیس بک اکاؤنٹ “Syed Zain Ali Kazmi” کے ذریعے شکایت کنندہ کے خلاف نازیبا اور اشتعال انگیز الفاظ پر مشتمل پوسٹ شائع کی، جس میں انہیں جھوٹے الزامات کا نشانہ بنایا گیا۔
انکوائری کے دوران ملزم کے خلاف شواہد سامنے آنے پر مجاز اتھارٹی کی منظوری سے پولیس اسٹیشن این سی سی آئی اے اسلام آباد میں ایف آئی آر نمبر 14/2026 درج کر لی گئی۔ مقدمہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی دفعات 20، 24 اور 26-A کے ساتھ تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 294 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ممکنہ ملزمان کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایف آئی آر سب انسپکٹر شہروز ریاض کی مدعیت میں 16 جنوری 2026 کو درج کی گئی۔

مزیدپڑھیں:محکمہ موسمیات نے بارشوں کی نوید سنا دی

