گلگت (کرن قاسم) نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد کی زیر صدارت سپیشل اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس گلگت کے علاقے جوٹیال میں منعقد ہوا، جس میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور حالیہ احتجاجی واقعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمانڈر ایف سی این اے، آئی جی پولیس سمیت دیگر سول و عسکری حکام نے شرکت کی جبکہ حالیہ احتجاجی مظاہروں کے دوران ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے متعلق متعلقہ اداروں کی رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔
اجلاس میں شرپسند عناصر کی جانب سے مبینہ دہشتگردی کارروائیوں، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی شہادت اور فوجی چوکیوں پر حملوں کے واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر 2 مارچ سے نافذ کرفیو کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں شرپسند عناصر کی نشاندہی اور حالیہ واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی تجویز پر غور کیا گیا جبکہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اپیکس کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گلگت بلتستان میں ریاستی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی اور امن و امان کے قیام کے ساتھ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
