اسلام آباد (نیوز ڈیسک) غیر ملکیوں کے لیے پاکستانی ویزہ پالیسی میں بڑی تبدیلی کردی گئی ، وزارتِ داخلہ ‘آن آرائیول’ اور ‘پرائر ٹو آرائیول’ ویزوں کے براہِ راست اختیار سے دستبردار ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارتِ داخلہ نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر غیر ملکیوں کے لیے پاکستانی ویزہ کے حصول کے طریقہ کار میں بنیادی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا۔
نئی پالیسی کے تحت وزارتِ داخلہ ‘آن آرائیول’ (On-Arrival) اور ‘پرائر ٹو آرائیول’ (Prior-to-Arrival) ویزوں کے براہِ راست اختیار سے دستبردار ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے اب پاکستانی ویزے صرف متعلقہ ممالک میں موجود پاکستانی سفارتخانے اور سفارتی مشنز ہی جاری کرنے کے مجاز ہوں گے۔
ویزہ پراسیسنگ کا تمام تر عمل اب لازمی طور پر سفارتی چینلز کے ذریعے مکمل کیا جائے گا تاکہ سیکیورٹی کی جانچ پڑتال کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ ویزہ درخواستوں کے لیے موجودہ آن لائن پورٹل ہی استعمال کیا جائے گا تاہم، جیسے ہی کوئی آن لائن درخواست موصول ہوگی، اسے فوری طور پر متعلقہ ملک میں قائم پاکستانی سفارتخانے کو بھیج دیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ویزہ صرف اسی صورت میں جاری کیا جائے گا جب متعلقہ سفارتخانہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد اپنی کلیئرنس فراہم کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد ویزہ سسٹم میں شفافیت لانا اور سیکیورٹی سے متعلق درپیش خطرات کا تدارک کرنا ہے۔
یہ نئی پالیسی فوری طور پر نافذ العمل تصور کی جائے گی، جس کے بعد غیر ملکیوں کے لیے پاکستان آمد سے قبل سفارتی کلیئرنس حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
مزیدپڑھیں:رمضان ریلیف پیکیج ! کیا آپ کو 12500 روپے نہیں مل رہے؟ بڑی پریشانی ختم




