پنجاب میں شہریوں کو نشانہ بنانے والا نیا آن لائن فراڈ(Online fraud) تیزی سے پھیلنے لگا ہے، جہاں جعلی ایس ایم ایس کے ذریعے لوگوں کو ای چالان ( E Challan)کے نام پر لوٹا جا رہا ہے۔
اردو نیوز کے مطابق شہریوں کو ایسے پیغامات موصول ہو رہے ہیں جن میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ان کی گاڑی کا چالان ہو چکا ہے اور ساتھ ایک لنک دیا جاتا ہے۔ جیسے ہی صارف اس لنک پر کلک کرتا ہے، اسے جعلی ویب سائٹ پر لے جایا جاتا ہے جہاں چالان دکھا کر ادائیگی کے لیے کہا جاتا ہے اور اس دوران بینک یا اے ٹی ایم کی حساس معلومات حاصل کر کے فراڈ کیا جاتا ہے۔
سیف سٹیز حکام کے مطابق یہ پیغامات جعلی نمبرز سے بھیجے جاتے ہیں جو سرکاری نمبرز سے ملتے جلتے ہوتے ہیں، جیسے 951 وغیرہ، تاکہ شہری کنفیوژن کا شکار ہو جائیں۔ جبکہ اصل سرکاری نمبر “9915” ہے، جہاں سے صرف اطلاع دی جاتی ہے، کسی قسم کا لنک فراہم نہیں کیا جاتا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی شہری کو ای چالان کا میسج موصول ہو تو وہ فوری طور پر دیے گئے لنک پر کلک نہ کرے۔ تصدیق کے لیے سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ 15 پر کال کریں اور 6 دبائیں، جس کے بعد ٹریفک نمائندہ آپ کو گاڑی نمبر کے ذریعے چالان کی مکمل تفصیل بتا دے گا۔
مزیدپڑھیں:پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 2 ارب ڈالر واپس کر دیے، باقی ایک ارب آئندہ ہفتے ادا ہوگا
اس کے علاوہ شہری گھر بیٹھے بھی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے اپنے چالان کی تصدیق کر سکتے ہیں، جبکہ ادائیگی کے لیے صرف سرکاری ایپ استعمال کی جائے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے متعارف کروائی گئی ایپ کے ذریعے محفوظ ادائیگی ممکن ہے، کسی بھی غیر مصدقہ لنک کے ذریعے ہرگز ادائیگی نہ کریں۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ اگر کسی شہری کو جعلی پیغام موصول ہو تو وہ فوری طور پر 15 پر اطلاع دے تاکہ متعلقہ ادارے کارروائی کر سکیں اور اس فراڈ کو روکا جا سکے۔
یہ فراڈ تیزی سے پھیل رہا ہے، اس لیے شہری ہوشیار رہیں، کسی بھی مشکوک لنک پر کلک کرنے سے گریز کریں اور اپنی ذاتی معلومات ہرگز شیئر نہ کریں۔


