صدر پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف(Nawaz sharif) نے کہا ہے کہ انتشار پر مبنی سیاست سے نہ صوبوں کو فائدہ ہوتا ہے اور نہ ہی ملک کو کوئی مثبت نتیجہ ملتا ہے۔
گلگت بلتستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ترقیاتی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگوں نے سوال اٹھایا کہ ایک چھوٹے سے علاقے میں اربوں روپے کی سڑکیں کیوں بنائی جا رہی ہیں، جس پر ان کا مؤقف تھا کہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا کوئی احسان نہیں بلکہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی سڑکوں کی بدولت 24 گھنٹے کا سفر کم ہو کر تقریباً 10 گھنٹے رہ گیا ہے۔
انہوں نے لواری ٹنل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے پر خطیر رقم خرچ ہوئی لیکن یہ ایک ناگزیر ضرورت تھی۔ انہوں نے مقامی قیادت پر زور دیا کہ وہ بھی ترقیاتی منصوبوں میں فعال کردار ادا کریں اور صرف وفاق پر انحصار کرنے کے بجائے اپنے وسائل پیدا کرنے پر توجہ دیں۔
مزیدپڑھیں:’بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی رہائی کیلیے کوششیں تیز کر دی ہیں‘
نواز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان اور ہنزہ جیسے خوبصورت علاقوں میں دنیا بھر سے سیاح آنا چاہتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ بجٹ کو مؤثر انداز میں زمینی سطح پر خرچ کیا جائے، نہ کہ اسے غیر ضروری مدات میں ضائع کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت ہر شعبے میں آگے بڑھ کر کام کر رہی ہے اور صوبوں کو بھی اسی طرز پر ترقی کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی مجموعی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
سابق وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں طویل عرصے سے ایک ہی حکومت ہے، لیکن عوام کو توقعات کے مطابق سہولیات میسر نہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا وہاں عوام کو مفت ادویات اور علاج کی مناسب سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں یا نہیں۔


