لاہور میں شہریوں کی سہولت کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا ایک اور قدم سامنے آ گیا ہے، جہاں National Database and Registration Authority نے شناختی کارڈ کے اجرا کے لیے خودکار نظام متعارف کرا دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو تیز، آسان اور کم وقت میں خدمات فراہم کرنا ہے۔
ڈیفنس میں قائم نادرا میگا سینٹر کے انچارج عدیل وجاہت حسین کے مطابق اس مرکز میں 22 کاؤنٹرز مختص کیے گئے ہیں جبکہ نئے سیلف کیوسک سسٹم کے تحت شہری اب اپنا شناختی کارڈ خود تیار کرنے کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ اس خودکار نظام کے ذریعے نئے شناختی کارڈ کا اجرا، تجدید اور اسمارٹ کارڈ کی فراہمی جیسے تمام مراحل باآسانی مکمل کیے جا سکتے ہیں۔
مزیدپڑھیں:بھارت :سابق وزیراعلیٰ 90 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوگئے
انہوں نے بتایا کہ اس جدید نظام سے شہریوں کو نمایاں سہولت حاصل ہوئی ہے کیونکہ روزانہ 1800 سے زائد افراد شناختی کارڈ کے حصول کے لیے سینٹر کا رخ کرتے ہیں۔ رہنمائی کے لیے میگا سینٹر کے باہر واضح ہدایتی بورڈز بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ آنے والے افراد کو کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔
شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خودکار نظام کے باعث وقت کی بچت ہوئی ہے اور طویل قطاروں سے بھی نجات ملی ہے۔ عوام نے اس سہولت کی فراہمی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور نادرا حکام کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔


