وفاقی حکومت نے ملک میں گندم خرید و فروخت سے متعلق مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے اہم اقدام کر لیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گندم کی خریداری اور فروخت کے معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا، جس کے بعد کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق نئی قائم ہونے والی کمیٹی گندم کی خرید و فروخت میں درپیش مشکلات، قیمتوں اور سپلائی کے مسائل کا جائزہ لے گی اور اپنی سفارشات وفاقی کابینہ کو پیش کرے گی۔
اجلاس میں حج پالیسی 2027 تا 2030 کا بھی جائزہ لیا گیا اور کابینہ کمیٹی کی سفارشات منظور کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور اور نجی حج آپریٹرز کو مؤثر احتسابی نظام بنانے کی ہدایت جاری کی گئی۔
اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں فراش ٹاؤن اور کچی آبادیوں کے مکینوں کیلئے کم لاگت ہاؤسنگ منصوبے کی تعمیر و ترقی کی ذمہ داری سی ڈی اے کے سپرد کرنے کی بھی منظوری دی۔
اجلاس میں پاکستان کسٹمز کے محکمانہ ترقیاتی امتحانات فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کرانے کی منظوری بھی دی گئی جبکہ 29 اپریل 2026 کی لیجسلیٹو کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔
وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کو تمباکو مارکیٹنگ کنٹرول رولز میں مجوزہ ترمیم پر اپنی رائے پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق گندم خرید و فروخت کے مسائل کے حل کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی جلد اپنی سفارشات مرتب کرے گی تاکہ کسانوں اور عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔




