گلگت بلتستان انتخابات 2026 کے لیے سیاسی میدان مکمل طور پر سج چکا ہے اور مختلف اضلاع میں انتخابی سرگرمیوں نے زور پکڑ لیا ہے۔ اس بار 24 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 403 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں، جس کے باعث کئی حلقوں میں سخت اور دلچسپ مقابلوں کی پیشگوئیاں کی جا رہی ہیں۔
الیکشن شیڈول سامنے آنے کے بعد گلگت، سکردو، دیامر، غذر، ہنزہ، نگر اور استور سمیت مختلف علاقوں میں سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی انتخابی مہم تیز ہوگئی ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اس مرتبہ کئی حلقوں میں روایتی سیاست کے ساتھ نئے اتحاد اور جوڑ توڑ بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق جی بی اے 2 گلگت ٹو سب سے بڑا انتخابی میدان بن گیا ہے جہاں 40 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔ اسی طرح استور ٹو میں 33 امیدواروں کی موجودگی نے مقابلے کو مزید سخت بنا دیا ہے۔
بلتستان ڈویژن کے حلقوں میں بھی سیاسی گہما گہمی عروج پر ہے جبکہ جی بی اے 7 سکردو ون اور جی بی اے 10 سکردو فور میں سیاسی اتحادوں اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب گانچھے تھری سب سے کم امیدواروں والا حلقہ قرار دیا جا رہا ہے۔
گلگت بلتستان انتخابات 2026 میں زیادہ امیدواروں والے حلقوں کو سیاسی طور پر انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے جبکہ کم امیدواروں والے حلقوں میں روایتی ووٹ بینک اور مقامی اثر و رسوخ کو فیصلہ کن عنصر قرار دیا جا رہا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اس بار عوام کی توجہ بڑے سیاسی معرکوں پر مرکوز ہے اور کئی حلقوں میں کانٹے دار مقابلے متوقع ہیں۔ انتخابات کے قریب آتے ہی سیاسی ماحول مزید گرم ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔




