نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کے حوالے سے اہم الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق 19 سے 22 مئی کے دوران کئی شہروں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، لاہور، سیالکوٹ، قصور اور ملتان سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جن میں کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن اور خضدار شامل ہیں۔ تاہم صوبے کے دیگر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا میں چترال، سوات، پشاور، بنوں، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور لنڈی کوتل کے علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، کمزور عمارتوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ادارے نے حساس علاقوں کے رہائشیوں کو مقامی انتظامیہ اور موسمی اپ ڈیٹس پر عمل کرنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔




