ملک بھر میں ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ ماہرین فلکیات نے کل چاند نظر آنے کا واضح امکان ظاہر کر دیا ہے۔ اگر چاند نظر آ گیا تو پاکستان میں عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ منائے جانے کا امکان ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس 17 مئی کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی ہوں گے۔
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ چاند 17 مئی کی رات 1 بج کر 10 منٹ پر طلوع ہوگا جبکہ شام کے وقت چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی، جو رویت کیلئے مناسب سمجھی جا رہی ہے۔
فلکیاتی ماہرین کے مطابق اگر موسم صاف رہا تو مختلف شہروں میں چاند آسانی سے دیکھا جا سکے گا۔ ایسی صورت میں یکم ذوالحجہ 18 مئی کو ہوگی جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب شہریوں میں عیدالاضحیٰ کی تیاریوں کا سلسلہ بھی تیز ہو گیا ہے، جبکہ ممکنہ طویل تعطیلات کی خبریں بھی عوامی دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔




