Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

عیدالاضحیٰ پر ملک بھر میں شدید ہیٹ ویو کا خدشہ، درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچنے کا امکان

عیدالاضحیٰ ہیٹ ویو

عیدالاضحیٰ ہیٹ ویو کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے لیے اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق 25 مئی سے شدید گرمی کی نئی لہر شروع ہونے کا امکان ہے جو 31 مئی تک برقرار رہ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 25 مئی کو فضا میں ہائی پریشر سسٹم بننے کی توقع ہے جو 26 مئی تک مزید مضبوط ہو جائے گا۔ اس سسٹم کے اثرات کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، جہلم، چکوال، گجرات، حافظ آباد اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کئی شہروں میں گرمی کی شدت مزید خطرناک ہو سکتی ہے۔ سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، تھرپارکر، حیدرآباد، بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور دیگر علاقوں میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے دوران ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی جیسے مسائل بڑھ سکتے ہیں، اس لیے شہری غیر ضروری دھوپ سے گریز کریں، زیادہ پانی استعمال کریں اور بچوں و بزرگوں کا خصوصی خیال رکھیں۔

کراچی میں بھی موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ رات کے درجہ حرارت میں بھی اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں