کراچی: سونے کی قیمت میں جمعرات کے روز ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا مزید مہنگا ہوگیا۔ عالمی مارکیٹ میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں تیزی کے اثرات پاکستان کی صرافہ مارکیٹ پر بھی دیکھنے میں آئے ہیں۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ سونے کی قیمت 1,523 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 69 ہزار 285 روپے تک پہنچ گئی۔ گزشتہ کاروباری روز فی تولہ سونا 4 لاکھ 67 ہزار 762 روپے میں فروخت ہو رہا تھا۔
اسی طرح 24 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت میں 1,305 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 2 ہزار 335 روپے ہوگئی۔ جبکہ 22 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت 1,197 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 68 ہزار 821 روپے تک جا پہنچی۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ عالمی سطح پر سونے کی فی اونس قیمت 14.49 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 468.49 ڈالر ہوگئی، جو گزشتہ روز 4 ہزار 454 ڈالر تھی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 97 روپے سستی ہو کر 7 ہزار 797 روپے پر آگئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 83 روپے کمی کے بعد 6 ہزار 684 روپے ہوگئی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی چاندی کی فی اونس قیمت 0.91 ڈالر کمی کے بعد 73.19 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی اقتصادی غیر یقینی صورتحال اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث سرمایہ کار محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونے کا رخ کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔




