اسلام آباد: ریکوڈک منصوبہ ایک بار پھر ملکی معیشت کے لیے امید کی کرن بن کر سامنے آیا ہے۔ علاقائی کشیدگی اور سیکیورٹی خدشات کے باوجود عالمی شہرت یافتہ کینیڈین کمپنی بیرک گولڈ نے منصوبے پر اپنے اعتماد کا اعادہ کرتے ہوئے کام جاری رکھنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث بیرک گولڈ کی جانب سے منصوبے کا جائزہ لینے پر غور کیا جا رہا تھا، تاہم حالیہ دنوں میں کمپنی کے چیئرمین نے پاکستان کا اہم دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کیں اور منصوبے کی موجودہ صورتحال، سیکیورٹی انتظامات اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں کے بعد کمپنی نے واضح کیا ہے کہ ریکوڈک منصوبہ اس کی ترجیحات میں شامل ہے اور منصوبے سے متعلق تمام سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔ کمپنی نے پاکستان میں طویل المدتی سرمایہ کاری کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سیکیورٹی فورسز منصوبے کی حفاظت اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ موجودہ سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر مزید حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔
علاوہ ازیں منصوبے کے لیے جدید مشینری اور آلات کی خریداری کے مختلف آپشنز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسابقتی بولی کے ذریعے بہترین معیار کی مشینری حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ منصوبے کی رفتار مزید تیز ہو سکے۔
ماہرین کے مطابق ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے سب سے بڑے معدنیاتی منصوبوں میں شامل ہے، جو مستقبل میں برآمدات، روزگار کے مواقع اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔ اس منصوبے کی کامیابی ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گی۔




