اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بڑھتی ہوئی ایندھن قیمتوں کے اثرات کم کرنے کے لیے پیٹرول سبسڈی اسکیم کے تحت جون 2026 میں مستحق افراد کو مزید مالی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں پیٹرول سبسڈی پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران سبسڈی کی چار اقساط کامیابی کے ساتھ مستحق افراد تک پہنچائی جا چکی ہیں۔
حکومت نے اب اسکیم کی پانچویں اور چھٹی قسط جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت اہل موٹرسائیکل سواروں، پبلک ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد، گاڑی مالکان اور کسانوں کو مجموعی طور پر 4 ہزار روپے کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں سبسڈی پروگرام کی شفافیت، نگرانی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطوں کے نظام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے یقین دہانی کرائی کہ امدادی رقم مستحق افراد تک بروقت اور شفاف انداز میں پہنچائی جائے گی۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ پیٹرول سبسڈی اسکیم کے تحت امدادی رقوم کی تقسیم کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری پیٹرولیم، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کے باعث عوامی مشکلات میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ پروگرام جاری رکھا جا رہا ہے تاکہ کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔



