اسلام آباد: حکومت کی جانب سے مسلسل چوتھے ہفتے عوام کو ریلیف دینے کی تیاری کی جا رہی ہے، جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نئی تبدیلیوں کی تجویز سامنے آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز زیر غور ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی متوقع قیمت 376 روپے فی لیٹر ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی موجودہ قیمت تقریباً 380 روپے فی لیٹر برقرار رکھی جا سکتی ہے۔
حکام کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور درآمدی لاگت کا جائزہ لینے کے بعد نئی سفارشات تیار کی گئی ہیں، جنہیں حتمی منظوری کے لیے وزیراعظم کو بھجوایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے متوقع ہے، جبکہ وزارتِ خزانہ اور وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے باضابطہ اعلان منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
اگر یہ تجویز منظور ہو جاتی ہے تو حالیہ ہفتوں کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ برقرار رہے گا، جس سے عوام کو مہنگائی کے دباؤ میں مزید ریلیف ملنے کی امید ہے۔


