Search
Close this search box.
جمعه ,05 جون ,2026ء

اقتصادی رابطہ کمیٹی کی بڑے فیصلوں کی منظوری، اربوں روپے کے فنڈز جاری

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اربوں روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس، ترقیاتی منصوبوں اور مختلف پالیسی اقدامات کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) پروگرام کے لیے 7 ارب 2 کروڑ 63 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی تاکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔ اسی طرح پاکستان نیوی کے ہنگور منصوبے کے لیے 10 ارب 15 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جو دفاعی استعداد بڑھانے کے لیے اہم قرار دی جا رہی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اسلام آباد میں امن مذاکرات کے سیکیورٹی انتظامات کے لیے 69 کروڑ 29 لاکھ روپے جبکہ ترلائی امام بارگاہ دھماکے کے متاثرین کے لیے 24 کروڑ 10 لاکھ روپے کی منظوری دی۔ ریکوڈک منصوبے کی سیکیورٹی کے لیے بھی 41 کروڑ 39 لاکھ روپے جاری کرنے کی اجازت دی گئی۔

اجلاس میں سیف سٹی اسلام آباد منصوبے کی توسیع کے لیے ایک ارب 88 کروڑ 37 لاکھ روپے، نیکٹا کی آپریشنل ضروریات کے لیے 15 کروڑ روپے اور پاکستان لینڈ پورٹس اتھارٹی کے لیے 52 کروڑ 80 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔

کراچی اور حیدرآباد اربن انفراسٹرکچر پیکیج کے لیے 8 ارب 75 کروڑ 89 لاکھ روپے جبکہ خیبرپختونخوا کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 2 ارب 84 کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

ای سی سی نے پی ٹی وی ملازمین کی جون 2026 کی تنخواہوں کے لیے 73 کروڑ 30 لاکھ روپے، گلگت بلتستان میں ٹیلی کام ٹاورز کی تنصیب کے لیے ایس سی او کو 18 کروڑ 35 لاکھ روپے اور پاکستان منٹ کی جدید کاری کے لیے ایک ارب 30 کروڑ روپے کی منظوری دی۔

اجلاس میں پی ایس او کے لیے 100 ارب روپے تک کی فنانسنگ سہولت برقرار رکھنے، اینگرو ووپک ٹرمینل کی آپریشنل سرگرمیوں کے تسلسل اور وفاقی بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں بجٹ اعزازیہ پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں