اسلام آباد: ہسپر ہوپر گلیشیئر کے علاقے میں برف پگھلنے کی رفتار میں اضافے کے باعث دریا میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ دنوں میں درجہ حرارت بڑھنے کے باعث ہسپر ہوپر گلیشیئر سے نکلنے والے پانی کی مقدار میں اچانک اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں قریبی دریا میں پانی کا بہاؤ معمول سے زیادہ ہو گیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور متعلقہ ادارے ہر ممکن احتیاطی اقدامات اختیار کر رہے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ دریا کے کنارے آباد آبادیوں اور حساس مقامات پر رہنے والے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں۔
الرٹ کے مطابق ضلع گلگت کے مختلف علاقوں جن میں گورو جگلوٹ، رحیم آباد، نومل، جوتل، جگلوٹ کالونی اور چلمش شامل ہیں، کے رہائشیوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادارے نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ موسمی صورتحال اور سرکاری ہدایات پر نظر رکھیں جبکہ غیر ضروری طور پر دریا کے قریب جانے سے گریز کریں۔ مسافروں کو بھی متاثرہ علاقوں میں سفر کے دوران محتاط رہنے اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ عوام بروقت معلومات کے لیے سرکاری ذرائع سے رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہا جا سکے۔



