مظفرآباد: عوامی ایکشن کمیٹی احتجاج کے حوالے سے آزاد جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ عوام نے احتجاجی کال کو مسترد کرتے ہوئے امن، استحکام اور جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
شاہ غلام قادر نے اپنے بیان میں کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی احتجاج کے نام پر پہلے بھی متعدد بار امن و امان کی صورتحال متاثر کرنے کی کوشش کر چکی ہے، تاہم اس بار بھی عوام نے ان کی کال کا مثبت جواب نہیں دیا۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر بھر میں بازار، مارکیٹیں اور کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھلے رہے جبکہ شہری اپنے روزمرہ کے معمولات میں مصروف نظر آئے۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر خطے میں سیاسی اور سماجی بے چینی پیدا کرنا چاہتے ہیں، لیکن عوام نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے اقدامات سے لاتعلقی اختیار کی۔ قائد حزب اختلاف کے مطابق احتجاجی کال کے باوجود کسی بڑے شہر یا قصبے میں کاروباری سرگرمیاں متاثر نہیں ہوئیں۔
شاہ غلام قادر نے آزاد کشمیر پولیس کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مؤثر حکمت عملی کے ذریعے امن و امان کو برقرار رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں کی بروقت کارروائیوں کے باعث کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کی تمام بڑی سیاسی جماعتیں آئندہ انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور عوام کی توجہ جمہوری عمل کی طرف ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر کے امن اور استحکام پر مبنی مؤقف کو عوام، سیاسی قوتوں اور ریاستی اداروں کی حمایت حاصل ہے۔
شاہ غلام قادر نے یقین ظاہر کیا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات مقررہ وقت پر، شفاف اور پرامن ماحول میں منعقد ہوں گے اور عوام اپنے ووٹ کے ذریعے جمہوری عمل کو مزید مضبوط بنائیں گے۔




