کراچی: سونے کی قیمت میں ہفتے کے روز نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 12 ہزار روپے سے زائد سستا ہوگیا۔ عالمی مارکیٹ میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی دیکھنے میں آئے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط سونے کی قیمت فی تولہ 12 ہزار 489 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 55 ہزار 327 روپے کی سطح پر آگئی۔ گزشتہ کاروباری روز سونے کا فی تولہ بھاؤ 4 لاکھ 67 ہزار 816 روپے تھا۔
اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت میں 11 ہزار 240 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 89 ہزار 772 روپے ہوگئی۔ ایک روز قبل 10 گرام سونا 4 لاکھ ایک ہزار 12 روپے میں فروخت ہو رہا تھا۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں گراوٹ دیکھی گئی جہاں فی اونس سونا 124.89 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 328.92 ڈالر پر آ گیا۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 463 روپے سستی ہو کر 7 ہزار 267 روپے پر آگئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کے رجحانات میں تبدیلی اور محفوظ سرمایہ کاری کے ذرائع کی طلب میں کمی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں حالیہ گراوٹ کی بڑی وجوہات ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں عالمی معاشی صورتحال کے مطابق قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔



