Search
Close this search box.
هفته ,06 جون ,2026ء

بجٹ میں سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری، تنخواہوں میں 15 فیصد تک اضافے کی تجویز

اسلام آباد: آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ 10 سے 15 فیصد تک کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک غیر رسمی اجلاس میں بجٹ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی)، ٹیکس پالیسی، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، پنشن اور دیگر مالی معاملات پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وزیراعظم کو بجٹ کی تیاری اور اہم مالی امور پر بریفنگ بھی دی۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے موجودہ افراط زر اور معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ 10 سے 15 فیصد تک کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ تاہم وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ دستیاب وسائل اور مالی گنجائش کا تفصیلی جائزہ لے کر ایسی سفارشات تیار کی جائیں جن سے ملازمین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اتحادی جماعتوں سے مشاورت اور بجٹ وسائل کا جائزہ لینے کے بعد اس حوالے سے حتمی منظوری دیں گے۔

حکومتی حلقوں کے مطابق آئندہ بجٹ میں عوامی اور سرکاری ملازمین کے لیے ریلیف اقدامات کو ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔ سرکاری ملازمین کی نظریں اب بجٹ اعلان پر مرکوز ہیں جہاں تنخواہوں میں اضافے کی حتمی شرح سامنے آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں