Search
Close this search box.
هفته ,06 جون ,2026ء

محسن نقوی اہم مشن پر تہران روانہ، خصوصی پیغام ساتھ لے جائیں گے

اسلام آباد: محسن نقوی تہران دورہ ایک اہم سفارتی پیش رفت کے طور پر سامنے آیا ہے، جہاں وفاقی وزیر داخلہ ایران کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کرغزستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ وہ آج تہران روانہ ہوں گے جہاں وہ اہم ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی تہران دورہ کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام ایرانی سپریم لیڈر تک پہنچائیں گے۔ اس حوالے سے وزیر داخلہ کو اعلیٰ سطح پر اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق روانگی سے قبل محسن نقوی وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے، جہاں انہیں خطے کی صورتحال اور جاری سفارتی کوششوں کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ کو مذاکرات اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ سے متعلق خصوصی ہدایات بھی جاری کی ہیں تاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے داخلہ اجلاس کے موقع پر محسن نقوی کی اپنے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے بھی ملاقات ہوئی تھی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی امن اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

ماہرین کے مطابق موجودہ علاقائی صورتحال میں یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں