اسلام آباد: محکمہ موسمیات الرٹ نے گلگت بلتستان میں ممکنہ بڑے جانی نقصان کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا، جہاں ہنزہ نگر کے علاقے میں گلیشیئر سے اچانک پانی کے اخراج کے بعد مقامی آبادی کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق ہِسپر گلیشیئر کے علاقے میں پانی کے بہاؤ اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے پیشگی وارننگ جاری کی گئی تھی۔ اس الرٹ کے بعد ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے فوری اقدامات کرتے ہوئے خطرے سے دوچار آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔
ترجمان کے مطابق 5 جون کی رات 8 بج کر 52 منٹ پر ہِسپر گلیشیئر سے پانی کا اخراج شروع ہوا، جو بعد ازاں تیز رفتار ریلے کی شکل اختیار کر گیا۔ تاہم محکمہ موسمیات الرٹ کی بدولت مقامی آبادی پہلے ہی محفوظ علاقوں میں منتقل کی جا چکی تھی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بروقت معلومات اور پیشگی انتباہی نظام کی وجہ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ مقامی انتظامیہ نے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی ہوئی ہے۔
ماہرین کے مطابق گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلاب کے خطرات بڑھ رہے ہیں، ایسے میں بروقت موسمی پیشگوئیاں اور عوامی آگاہی انتہائی اہمیت اختیار کر گئی ہیں۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمیاتی الرٹس پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات کو ترجیح دیں۔


