اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو وارننگ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 7 جون سے 12 جون کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہ سکتی ہے، جس کے باعث درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔ ماہرین نے شہریوں کو محتاط رہنے اور گرمی سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 8 سے 12 جون کے دوران کراچی میں شدید گرم موسم متوقع ہے جہاں درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ اسی طرح سندھ اور بلوچستان کے بعض اضلاع میں پارہ 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ہیٹ ویو وارننگ کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے دوران جسم میں پانی کی کمی، ہیٹ اسٹروک اور دیگر طبی مسائل کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔
حکام نے متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔



