گلگت(نیوزڈیسک)اپر کوہستان کے علاقے لوتر میں پیر کی صبح سویرے ناردرن ایریاز ٹرانسپورٹ کارپوریشن (NATCO) کی جانب سے چلنے والی مسافر بس مٹی کے تودے کی زد میں آگئی، جس کے نتیجے میں 3 مسافر جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
نیٹکو کے تعلقات عامہ کے افسر احسان شاہ کے مطابق بس، جس کا رجسٹریشن نمبر جی ایل ٹی اے 7303 تھا، شاہراہ قراقرم پر راولپنڈی سے ہنزہ جا رہی تھی کہ اس پر ایک بڑا پتھر گرا، جو گاڑی کے درمیان سے ٹکرا گئی۔”چٹان نہ تو آگے اور نہ ہی پیچھے بلکہ براہ راست بس کے وسط پر گری، جس سے وہاں بیٹھے مسافر موقع پر جان کی بازی ہار گئے۔ باقی دیگر مسافر بال بال بچ گئے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سلطان محمود ولد عبدالحفیظ سکنہ راولپنڈی کے نام سے ہوئی ۔ منگل حسین ولد نذیر جان سکنہ یاسین، غذر، حوالدار امتیاز حسین شامل۔ زخمی مسافر، جس کی شناخت دلشاد قمر کے نام سے ہوئی ہے، کا تعلق بھی راولپنڈی سے ہے اور اسے معمولی زخم آئے۔
امدادی کارروائیاں تیزی سے کی گئیں، اور زخمی مسافر کولاشوں کے ہمراہ کوہستان کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا ۔ ریسکیو 1122 گلگت بلتستان نے تصدیق کی کہ ریسکیو 1122 دیامر اور اپر کوہستان کے ساتھ مل کر گلگت بلتستان سے جاں بحق افراد کی میتیں ان کے متعلقہ گاؤں پہنچانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
