گلگت: گلگت بلتستان مالیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ایک اہم مراسلہ ارسال کرتے ہوئے خطے کے عوام کے لیے سستی، آسان اور رعایتی مالیاتی اسکیمیں متعارف کرانے کی درخواست کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے مراسلے میں کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی وسائل، سیاحت، زراعت، باغبانی، لائیو اسٹاک، معدنیات، چھوٹے کاروبار اور نوجوانوں کی کاروباری صلاحیتوں کے حوالے سے بے شمار مواقع رکھتا ہے، تاہم مقامی افراد اور کاروباری طبقے کو بینکوں اور مالیاتی اداروں سے قرضوں کے حصول میں مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے اسٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کے جغرافیائی، معاشی اور سماجی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی رعایتی فنانسنگ اسکیمیں متعارف کرائی جائیں تاکہ نوجوان، خواتین، کسان، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے اور نئے کاروبار شروع کرنے والے افراد آسان شرائط پر مالی معاونت حاصل کر سکیں۔
مراسلے میں یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ گلگت بلتستان کے رہائشیوں کی قرض درخواستوں کی جانچ اور منظوری کے عمل کو تیز کرنے کے لیے تمام متعلقہ بینکوں کو خصوصی ہدایات جاری کی جائیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید سفارش کی کہ خطے میں فیسیلیٹیشن ڈیسک قائم کیے جائیں تاکہ درخواست گزاروں کو رہنمائی فراہم کی جا سکے، جبکہ قرضوں کے حصول کے لیے دستاویزی تقاضوں اور ضمانت کی شرائط کو بھی آسان بنایا جائے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان خطے کی منفرد ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مثبت فیصلے کرے گا، جس سے مالی شمولیت میں اضافہ، نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع، کاروباری سرگرمیوں میں وسعت اور گلگت بلتستان کی مجموعی معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔


