Search
Close this search box.
هفته ,18 جولائی ,2026ء

عمرہ زائرین نئی پالیسی، پاکستان سمیت 4 ممالک کے لیے بڑا فیصلہ

ریاض: عمرہ زائرین نئی پالیسی کے تحت سعودی عرب نے پاکستان سمیت چار ممالک سے آنے والے زائرین کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے روزانہ کی لازمی کیٹرنگ فیس کو عمرہ ویزا فیس کا حصہ بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ نئی پالیسی کا اطلاق ابتدائی مرحلے میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور مصر کے عمرہ زائرین پر ہوگا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی پالیسی یکم ربیع الاول سے نافذ العمل ہوگی۔ اس کے تحت ہر عمرہ زائر سے یومیہ تقریباً 20 سعودی ریال نسک میل واؤچر کی مد میں وصول کیے جائیں گے، تاہم یہ رقم الگ سے ادا نہیں کرنا ہوگی بلکہ براہِ راست عمرہ ویزا فیس میں شامل ہوگی۔

سعودی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عمرہ زائرین کو معیاری اور منظم کھانے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ اسی مقصد کے لیے 10 ہزار سے زائد ریستورانوں کو نسک (Nusuk) ایپ سے منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ زائرین آسانی سے منظور شدہ مراکز سے کھانا حاصل کر سکیں۔

نئی پالیسی کے مطابق ہر زائر کو ویزا جاری ہونے سے قبل ایک منفرد بی آر این (BRN) میل کوڈ فراہم کیا جائے گا، جو اس کے عمرہ ویزا کے ساتھ منسلک ہوگا۔ زائرین اپنے قیام کے دوران اسی کوڈ کے ذریعے منظور شدہ ریستورانوں سے کھانا حاصل کر سکیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ میل واؤچر کی مجموعی مالیت زائر کے قیام کے دورانیے کے مطابق طے کی جائے گی، جبکہ ویزا جاری کرنے سے پہلے اس کی مکمل تصدیق بھی کی جائے گی۔

سعودی حکام کے مطابق عمرہ زائرین نئی پالیسی کا نفاذ ابتدائی طور پر صرف پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور مصر کے لیے کیا جا رہا ہے، تاہم آئندہ مرحلے میں اس نظام کو دیگر ممالک تک بھی توسیع دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں