Search
Close this search box.
هفته ,18 جولائی ,2026ء

مجتبیٰ خامنہ ای کا پیغام، امریکا پر سخت تنقید اور قومی اتحاد پر زور

تہران: مجتبیٰ خامنہ ای کا پیغام منظرِ عام پر آ گیا، جس میں انہوں نے امریکا پر معاہدوں کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے ایرانی عوام پر زور دیا کہ وہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور یکجہتی کو ہر صورت برقرار رکھیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا نے مفاہمتی یادداشت کی متعدد بار خلاف ورزی کی، جس سے یہ واضح ہو گیا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخطوں کی کوئی عملی اہمیت نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے اپنے اقدامات سے ثابت کیا کہ وہ معاہدوں کی پاسداری کے بجائے طاقت اور بالادستی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، جبکہ جارحانہ طرزِ عمل اس کی خارجہ پالیسی کا حصہ بن چکا ہے۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں کہا کہ اگر امریکا جنگ کا راستہ اختیار کرتا ہے تو ایرانی قوم ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں مخالف فریق کو سنگین نتائج اور بھاری قیمت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے موجودہ صورتحال میں قومی اتحاد کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات اور سماجی تقسیم سے گریز کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق ملک کے استحکام اور یکجہتی کے لیے تمام طبقات کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ قومی وحدت کے فروغ میں حکومتی عہدیداروں اور سماجی و انقلابی حلقوں کا کردار انتہائی اہم ہے، جبکہ عوام کی یکجہتی ہی ملک کی طاقت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حالیہ قومی اجتماعات میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ ایرانی قوم مشکل حالات میں بھی اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

نوٹ: اس خبر میں بیان کردہ مؤقف ایرانی میڈیا سے منسوب ہے اور اس میں شامل دعوے متعلقہ فریق کے بیان کی حیثیت رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں