اسلام آباد: حج رجسٹریشن 2027 تا 2030 کے لیے آن لائن اندراج کا عمل تیزی سے جاری ہے، جبکہ رجسٹرڈ عازمین کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ وزارت مذہبی امور نے رجسٹریشن کرانے والے افراد کو درست معلومات فراہم کرنے اور صرف فیملی ممبران پر مشتمل گروپ بنانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق گھر بیٹھے آن لائن رجسٹریشن کرانے والے عازمین میں سے 2 لاکھ 46 ہزار افراد نے سرکاری حج اسکیم کا انتخاب کیا ہے، جبکہ 94 ہزار افراد نے نجی حج اسکیم کے تحت رجسٹریشن کروائی ہے۔
صوبوں کے لحاظ سے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب سے سب سے زیادہ 1 لاکھ 56 ہزار عازمین رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔ سندھ سے 1 لاکھ، خیبرپختونخوا سے 51 ہزار، اسلام آباد سے 15 ہزار اور بلوچستان سے 12 ہزار افراد نے رجسٹریشن مکمل کی ہے۔
اسی طرح آزاد جموں و کشمیر سے تقریباً 2 ہزار 600 جبکہ گلگت بلتستان سے 1 ہزار 200 عازمین حج نے اپنا اندراج کرایا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج رجسٹریشن 2027 تا 2030 کے بعد حج واجبات کی آن لائن وصولی سے متعلق باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا، جس کے بعد رجسٹرڈ عازمین مقررہ طریقہ کار کے مطابق ادائیگیاں کر سکیں گے۔
ترجمان نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ رہنمائی یا معلومات کے لیے پاک حج ایپ یا وزارت کی حج ہیلپ لائنز سے رابطہ کریں۔ اس کے علاوہ رجسٹریشن فارم میں تمام کوائف درست درج کیے جائیں اور گروپ رجسٹریشن صرف خاندان کے افراد تک محدود رکھی جائے تاکہ بعد میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

