چلاس(نیوز ڈیسک) فیری میڈوز روڈ پر سیاحوں کی جیپ گہری کھائی میں جا گری جس سے 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔پولیس کے مطابق جیپ فیری میڈوز سے واپس شاہراہِ قراقرم کی طرف آ رہی تھی کہ حادثہ پیش آیا، جیپ حادثے میں ڈرائیور سمیت 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں سے 2 سیاحوں کا تعلق پشاور جبکہ 4 کا پنجاب سے ہے، حادثے کا شکار ہونے والی جیپ کا ڈرائیور مقامی (داریل) کا رہائشی تھا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ جائے حادثہ انتہائی گہرائی میں ہونے کے باعث ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا ہے تاہم مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی ریسکیو دیامر کی ٹیمیں بھی جائے حادثہ کی طرف روانہ ہوئی ہیں، داریل سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور کی لاش نکال لی گئی جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چلاس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے چلاس کے قریب فیری میڈوز جانے والے سیاحوں کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ان کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ چلاس کے مقام پر سیاحوں کی گاڑی کھائی میں گرنے کا واقعہ انتہائی المناک ہے، اللہ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
مزید پڑھیں۔پنجاب بھر میں 2 تا 5 جون بارشوں و ژالہ باری کا الرٹ جاری

