Search
Close this search box.
بدھ ,01 جولائی ,2026ء

26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد متعدد وزرا غیرملکی دوروں پر روانہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے ایک دن بعد نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ، وزیر خزانہ اور وزیر داخلہ سمیت مختلف اہم وزرا اہم اجلاسوں میں شرکت کے لیے وفاقی دارالحکومت سے بیرون ملک روانہ ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار 25 اکتوبر کو دو روزہ دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت اور وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے ساموا روانہ ہو گئے۔سینیٹ سے بل کی منظوری کے فوراً بعد وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اتوار کی شب آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے حکام سے ملاقاتوں کے لیے واشنگٹن روانہ ہوگئے جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی ساہا ایکسپو 2024 میں شرکت کے لیے استنبول پہنچ گئے ہیں۔

اسی دوران وزیر صنعت و قومی تحفظ خوراک رانا تنویر حسین بدھ کو شروع ہونے والے کثیر الجہتی صنعتی پالیسی فورم میں شرکت کے لیے ریاض روانہ ہوگئے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی بل کی منظوری کے فوری بعد وفاقی دارالحکومت سے دبئی روانہ ہوگئے۔ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وزرا نے پہلے ہی اپنے بیرون ملک دوروں کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی لیکن ووٹنگ کے دوران پارلیمنٹ میں ان کی موجودگی بل کی منظوری کے لیے انتہائی اہم تھی اور بل کی منظوری کے ساتھ ہی وہ فوراً ملک چھوڑ کر چلے گئے۔

ریاض فورم کا انعقاد اقوام متحدہ کی صنعتی ترقی کی تنظیم (UNIDO) کی جانب سے کیا جا رہا ہے تاکہ صنعتی ترقی کے چیلنجوں کے لیے جدید طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔صنعت اور قومی غذائی تحفظ کے وزیر رانا تنویر حسین دو روزہ کانفرنس میں ملک کی نمائندگی کریں گے جس کا مقصد ’’پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے صنعتی پالیسی سازی‘ کے حوالے سے رہنمائی حاصل کرنا ہے۔

یہ فورم صنعتی پالیسی کے موثر حل اور ٹولز کے فروغ پر توجہ مرکوز کرے گا تاکہ پائیدار صنعت کاری کو درپیش چیلنجوں سے نمٹا جا سکے۔فورم کے اجلاس کے دوران رانا تنویر سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخورائف سے ملاقات کریں گے تاکہ صنعتی میدان میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی راہوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے، فورم کے موقع پر وہ دیگر شریک ممالک کے وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

7 چھکے اور 27 چوکے، کیوی بیٹر نے تیز ترین ڈبل سنچری کا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

یہ بھی پڑھیں