چترال(نیوز ڈیسک) چترال میں امریکی شکاری نے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی بولی دے کر سیزن کے پہلے مارخور کا شکار کرلیا۔شکاری رونالڈ جوویٹن نے کشمیری مارخور کے شکار کا پرمٹ اکتوبر میں 2 لاکھ 71 ہزار امریکی ڈالر کی بولی لگا کر حاصل کیا تھا۔ڈویژنل آفیسر وائلڈ لائف فاروق نبی کے مطابق امریکی شکاری رونالڈ جوویٹن نے پاکستان کے قومی جانور مارخور کا شکار چترال میں تھوشی شاشا کنزروینسی کے مقام پر کیا۔
شکار کیے گئے کشمیری مارخور کی عمر 11 سال جبکہ سینگ کی لمبائی 49 انچ سے زیادہ ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف کے حکام کے مطابق یہ رواں سیزن کا پہلا شکار تھا۔فاروق نبی کے مطابق امریکی شہری رونالڈ جوویٹن نے اتوار 8 دسمبر کو وائلڈ لائف حکام کے زیرنگرانی پاکستان کے قومی جانور مارخور کا شکار چترال میں تھوشی شاشا کنزروینسی کے مقام پر کیا جبکہ شکار کئے گئے مارخور کی عمر 11 سال جبکہ سینگ کی لمبائی 49.5 انچ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں برس محکمہ وائلڈ لائف نے مارخور کے شکار کے لیے 4 پرمٹ فروخت کیے، اس نیلامی میں چترال کے تھوشی ون کنزرونسی اور تھوشی ٹو کنزرونسی کے دونوں پرمٹ ریکارڈ 2 لاکھ 71 ہزار فی پرمٹ کے حساب سے فروخت ہوئے تھے۔
فاروق نبی نے کہاکہ کوہستان کے علاقے کیگا کی کنزرونسی میں مارخور کے شکار کا ایک پرمٹ ایک لاکھ 81 ہزار ڈالر سے زائد میں فروخت ہوا تھا جبکہ گہریت گول چترال کی کمیونٹی منیجیڈ گیم ریزرو میں مارخور کے شکار کا واحد پرمٹ ایک لاکھ 80 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔
محکمہ وائلڈ لائف حکام کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کی آمدنی کا 80 فیصد حصہ متعلقہ علاقوں کے رہائشیوں میں تقسیم کیا جاتا ہے جبکہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور جنگلی حیات کے تحفظ کی سرگرمیوں کے لیے بھی رقم دی جاتی ہے۔

