لاہور ( نیوز ڈیسک)پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے اسپیل کا الرٹ جاری کردیا۔ 15سے 17جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی اور بارش کی پیشگوئی ہے۔
راولپنڈی مری گلیات اٹک چکوال جہلم منڈی بہاوالدین گوجرانولہ حافظ آباد وزیر آباد میں بارشیں متوقع ہیں۔ لاہور شیخوپورہ سیالکوٹ نارووال ساہیوال جھنگ ٹوبہ ٹیک سنگھ ننکانہ چنیوٹ اور فیصل آباد میں بھی بارشیں ہوں گی۔
اوکاڑہ قصور خوشاب سرگودھا بھکر اور میانوالی میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔14 کی شام سے 17 جولائی کے دوران بہاولپور بہاولنگر ڈی جی خان ملتان مظفرگڑھ خانیوال لودھراں راجن پور رحیم یار خان اور لیہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں سے پنجاب کے دریاں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی میں اضافے کے خدشات ہیں۔
برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے۔محکمہ صحت آبپاشی تعمیر و مواصلات لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔
شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں۔ آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔ بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی تاروں و کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔
عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔ ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی نے حکومت کے لئے خطرے کی گھنٹیاں بجا دیں



