Search
Close this search box.
اتوار ,14 جون ,2026ء

راولپنڈی: گاڑی نالے میں بہہ گئی، ریٹائرڈ کرنل اور بیٹی لاپتہ، واقعہ کیسے پیش آیا؟

راولپنڈی(نیوز ڈیسک)راولپنڈی کی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 5 میں ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک ریٹائرڈ کرنل اور ان کی بیٹی تیز بارش کے پانی میں بہہ گئے۔ دونوں کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

پولیس تھانہ سہالہ، سوان ڈویژن کے مطابق ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی، جن کی عمر تقریباً 62 سے 64 سال کے درمیان بتائی گئی ہے، آج صبح اپنی تقریباً 25 سالہ بیٹی کے ہمراہ گھر سے گرے ہونڈا سٹی کار میں روانہ ہوئے۔

بارش کے پانی کی وجہ سے سڑک پر شدید پانی جمع تھا، انہوں نے گاڑی برساتی نالے کے قریب سے گزارنے کی کوشش کی، اسی اثنا میں ان کی گاڑی بند ہو گئی۔ کرنل اسحاق جیسے ہی گاڑی کو دوبارہ اسٹارٹ کرنے کی کوشش کر رہے تھے، پانی کی روانی تیز ہو گئی اور گاڑی نالے میں بہہ گئی، جس کے ساتھ ہی دونوں افراد بھی پانی کی لپیٹ میں آ گئے۔ باپ بیٹی گاڑی سے مدد کے لیے آوازیں بھی لگاتے دکھائی دئیے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ڈی ایچ اے سیکیورٹی اسٹاف، ریسکیو 1122 اور غوطہ خوروں کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا۔ اب تک دونوں افراد کا سراغ نہیں مل سکا ہے۔

ریسکیو ٹیموں کا سرچ آپریشن مسلسل جاری ہے اور حکام کے مطابق جیسے ہی کوئی نئی پیشرفت ہوگی، میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

بھارت نے 62 سال بعد مگ 21 جنگی طیارے گراؤنڈ کردیئے

یہ بھی پڑھیں