لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ مریم نواز نے عیدالاضحٰی پر صفائی کے شاندار انتظامات پر ستھرا پنجاب کے ورکرز کے لئے 10، 10 ہزار روپے فی کس انعام کا اعلان کر دیا۔
پنجاب حکومت کی زیر نگرانی عیدالاضحیٰ کا سہ روزہ صفائی آپریشن اختتام پذیر ہو گیا، لبرٹی چوک لاہور میں آپریشن کے اختتام کی باضابطہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے خصوصی شرکت کی۔
وزیراعلیٰ کے مشیر ذیشان ملک، سیکرٹری بلدیات شکیل احمد اور کمشنر لاہور مریم خان بھی اس موقع پر موجود تھیں، ڈپٹی کمشنر علی اعجاز، ڈی جی سُتھرا پنجاب بابر صاحب دین اور فوکل پرسن عاصم محمود بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
صوبائی وزیر اور مشیر سُتھرا پنجاب ورکرز کے ساتھ گھل مل گئے اور گروپ فوٹو بھی بنوایا۔
اس موقع پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ہر جگہ ورکرز نے باعزت روزگار ملنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا، ستھرا پنجاب کے ہیروز نے بہترین کام کیا ہے، سب کو ہمارا سلام، ورکرز کیلئے راشن کارڈ کا اجرا بھی شروع ہو گیا ہے، جلد یہ عمل مکمل ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر 60 ہزار مساجد، سینکڑوں عیدگاہوں اور قبرستانوں کو بھی صاف کیا گیا، پنجاب میں الائشوں کی ممنوعہ مقامات پر صرف 200 خلاف ورزیاں سامنے آئیں، بہترین کام کرنے پر ستھرا پنجاب کے تمام ہیروز کو مبارکباد دیتا ہوں۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ مریم نواز کے ستھرا پنجاب نے کمال کر دیا ہے، شدید گرمی میں سب سے بڑا صفائی آپریشن کیا گیا، ایک لاکھ 84 ہزار سینٹری ورکرز نے بے انتہا محنت کی،آپریشن کے دوران 60 ہزار سے زائد مشنری کا استعمال کیا گیا۔
وزیر بلدیات نے بتایا کہ 3 لاکھ 60 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اٹھائی گئی ہیں، گزشتہ سال 3 لاکھ 57 ہزار ٹن آلائشیں اٹھائی گئی تھیں، عید کے دنوں میں 60 لاکھ کلو میٹر تک آپریشن کیا گیا، ستھرا پنجاب ٹیموں نے شکایات کا ازالہ بھی کیا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز خود تمام کام کی نگرانی کر رہی تھیں، بلدیات کے تمام افسران نے بھرپور کردار ادا کیا، یہ کامیابی وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت کی گڈ گورننس کا واضح ثبوت ہے۔
مزید پڑھیں۔جماعت اسلامی کا پیٹرولیم لیوی ختم اور قیمت 250 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کا مطالبہ


