Search
Close this search box.
پیر ,13 جولائی ,2026ء

لاہور میں روٹی اور نان سرکاری نرخ سے مہنگے فروخت ہونے لگے

لاہور: لاہور روٹی کی قیمت ایک بار پھر شہریوں کے لیے تشویش کا باعث بن گئی ہے، جہاں سرکاری نرخ مقرر ہونے کے باوجود مختلف علاقوں میں روٹی اور نان زیادہ قیمت پر فروخت کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں نے مہنگی اور کم وزن روٹی کی فروخت پر متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے روٹی کی سرکاری قیمت 16 روپے مقرر ہے، تاہم بیشتر تندوروں پر روٹی 20 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔ صارفین نے شکایت کی کہ نہ صرف قیمت زیادہ وصول کی جا رہی ہے بلکہ روٹی کا وزن بھی مقررہ معیار سے کم ہے۔

اسی طرح سادہ نان کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ شہریوں کے مطابق کئی مقامات پر سادہ نان 20 روپے کے بجائے 30 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے روزمرہ اخراجات مزید بڑھ گئے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب کے فوڈ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں آٹے کی کوئی قلت نہیں اور آٹا وافر مقدار میں دستیاب ہے۔ حکام کے مطابق موجودہ صورتحال میں روٹی یا نان کی قیمت بڑھانے کا کوئی جواز موجود نہیں۔

فوڈ سیکیورٹی حکام نے واضح کیا کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ادارے نگرانی کر رہے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد کرائے تاکہ عوام کو مہنگی اور کم وزن روٹی خریدنے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں