لورالائی (اوصاف نیوز ڈیسک): پاکستانی زیتون کا تیل عالمی سطح پر ایک بڑی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ بلوچستان کے علاقے لورالائی سے تعلق رکھنے والے برانڈ OEVO by Casa Loralai نے لندن اولیو آئل مقابلہ 2026 میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کے لیے اعزاز اپنے نام کر لیا۔
برانڈ کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد حسن ترین نے اس کامیابی پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ OEVO by Casa Loralai بلوچستان کے ضلع لورالائی میں تیار کیا جاتا ہے، جہاں مقامی زیتون کی کاشت کو فروغ دے کر اعلیٰ معیار کا زیتون کا تیل تیار کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ عالمی اعزاز پوری ٹیم کی محنت، مقامی کسانوں کی کاوشوں اور پاکستان کی زرعی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈی میں معیاری اور قابلِ اعتماد شناخت دلانا ہے تاکہ ملک کی زرعی برآمدات میں بھی اضافہ ہو اور مقامی صنعت کو مزید فروغ مل سکے۔
لندن اولیو آئل مقابلہ دنیا کے معتبر ترین بین الاقوامی مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں ماہر ججز زیتون کے تیل کے معیار، ذائقے، خوشبو اور پیداواری عمل سمیت مختلف تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کامیاب برانڈز کا انتخاب کرتے ہیں۔ پاکستانی زیتون کا تیل اس سخت مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کر کے عالمی معیار پر پورا اترنے میں کامیاب رہا۔
ماہرین کے مطابق یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں تیار ہونے والا زیتون کا تیل اب بین الاقوامی مارکیٹ میں نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے اور مستقبل میں برآمدات کے نئے مواقع بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔
یہ اعزاز بلوچستان کے زرعی شعبے کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ لورالائی اور گرد و نواح میں زیتون کی کاشت تیزی سے فروغ پا رہی ہے، جس سے مقامی معیشت مضبوط ہونے کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔

