کراچی موسم کی پیشگوئی کے مطابق بحیرۂ عرب سے آنے والی مرطوب ہواؤں کے باعث شہر میں آج سے آئندہ تین روز تک کہیں کہیں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ پیر، منگل اور بدھ کے دوران شہر میں معمول سے زیادہ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، جس سے موسم میں وقتی بہتری آنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ صبح کے اوقات میں ہوا میں نمی کا تناسب 70 سے 80 فیصد جبکہ شام کے وقت 55 سے 65 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرۂ عرب سے مرطوب ہوائیں سندھ سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے اثرات کے باعث سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
پیشگوئی کے مطابق دادو، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، شکارپور، کشمور، سکھر، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد اور سانگھڑ میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان موجود ہے۔
دوسری جانب سندھ کے ساحلی علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی اور ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ تیز ہواؤں اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کمزور ڈھانچوں، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کے قریب احتیاط برتیں اور موسمی صورتحال سے متعلق تازہ ترین اطلاعات پر نظر رکھیں۔

