اسلام آباد (رضوان عباسی) آزاد کشمیر حکومت نے عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ایک تاریخی ہیلتھ پیکج کی تیاری مکمل کر لی ہے جو اس وقت آخری مراحل میں ہے۔ اس پیکج کے تحت نئے طبی ادارے قائم کیے جائیں گے، موجودہ ہیلتھ فسیلٹیز کو اپ گریڈ کیا جائے گا، اور 1209 نئی اسامیاں تخلیق کی جائیں گی۔ اس منصوبے پر سالانہ 84 کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد اخراجات آئیں گے، جس کی مالیاتی منظوری بھی حاصل کی جا چکی ہے۔
ہیلتھ پیکج میں اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی کمی کو دور کرنے کے لیے گریڈ 18 میں 65 نئی اسامیاں شامل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور سینئر میڈیکل افسران کی اسامیاں بھی پیکج میں شامل ہیں تاکہ ہسپتالوں کی انتظامی اور طبی خدمات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ گریڈ 17 میں 102 میڈیکل افسران اور 8 ڈینٹل سرجنز کی اسامیاں بھی تخلیق کی گئی ہیں۔
عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی کے لیے فارماسسٹ، فزیو تھراپسٹ، اور ڈرگ انسپیکٹرز کی اسامیاں بھی پیکج میں شامل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، ڈیجیٹل نظام کو فروغ دینے کے لیے آئی ٹی مینیجر کی اسامی بھی رکھی گئی ہے۔ نرسنگ اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لیے نرس کی 31 نئی اسامیاں تخلیق کی گئیں ہیں۔
آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 52 ہیلتھ فسیلٹیز کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا، جس سے عوام کو بہتر اور بروقت طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں گی۔ یہ ہیلتھ پیکج آزاد کشمیر میں صحت کے شعبے میں ترقی کی نئی راہیں ہموار کرے گا اور عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کاچیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار



