میرپور (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کا فیصلہ پنجاب یا سندھ نہیں بلکہ کشمیری عوام کریں گے جب کہ یہ سمجھنا کہ سیٹیں پہلے ہی کسی کی جیب میں ہیں ووٹر کے حق رائے دہی کی توہین ہے۔
میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات بہت اہم ہیں اور عوام کا ووٹ خطے کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں اور نئی تاریخ رقم کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوام کے حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ماضی میں عوام کو جائیداد کا حق دلانے میں اہم کردار ادا کیا اور اقتدار میں آنے کے بعد جائیداد کے حق، خود مختاری کے حق اور روزگار کے حق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام نے پیپلز پارٹی کو دو تہائی اکثریت دے دی تو انصاف، ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا جب کہ نوجوانوں، کسانوں، مزدوروں اور دیگر طبقات کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کی سیاسی خدمات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت، عوامی حقوق اور کشمیری عوام کے موقف کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی آواز کو ہر فورم پر موثر انداز میں بلند کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:عوام کے لیے اہم خبر، پیٹرولیم ڈویژن کی نئی اپڈیٹ جاری

