Search
Close this search box.
اتوار ,14 جون ,2026ء

آسٹریلوی خواتین کرکٹرز کی جنسی ہراسانی کے واقعے پر بی سی سی آئی کا بیان بھی آگیا

آسٹریلیا(نیوز ڈیسک)بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا ( بی سی سی آئی) نے کہا ہے کہ اندور میں آسٹریلوی خواتین کرکٹ ٹیم کی دو کھلاڑیوں کو جنسی طور پر ہراساں کیا جانا افسوسناک ہے اور اس سے بھارت کے تشخص کو ٹھیس پہنچی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ خواتین کرکٹرز کی حفاظت کیلئے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ یہ پورا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، ہم تمام ضروری اقدامات کریں گے اور پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیوجیت سائیکیا نے بھی افسوس کا اظہار کیا اور ملزم کو فوری گرفتار کرنے پر مدھیہ پردیش پولیس کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، اس طرح کے واقعات بدنامی کا باعث بنتے ہیں، ملزمان کی گرفتاری کیلئے فوری کارروائی کرنے پر ریاستی پولیس کو سراہتے ہیں، اب ملزمان کو سزا دینے کیلئے قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔

واضح رہے کہ بھارتی شہر اندور میں دو آسٹریلوی خواتین کرکٹرز جب ہوٹل سے کیفے ٹیریا کیلئے نکلیں تو موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص نے آسٹریلوی کرکٹرز کو انتہائی نازیبا انداز میں چھوا اور فرار ہو گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی کھلاڑیوں نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر ٹیم سیکیورٹی آفیسر کو دی جنہوں نے ریجنل پولیس سے رابطہ کرکے انہیں یہ اطلاع دی۔

پولیس کے مطابق آسٹریلوی سیکیورٹی ٹیم کی شکایت پر علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج فوری طور پر نکلوائی گئی۔ اس دوران جائے وقوعہ پر موجود ایک عینی شاہد نے موٹرسائیکل کا نمبر بھی نوٹ کر لیا جس کی مدد سے متعلقہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم کا مجرمانہ ریکارڈ ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں۔دنیا بھرمیں مقیم کشمیری آج بھارت کے غیرقانونی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منارہے ہیں

یہ بھی پڑھیں