انقرہ(نیوزڈیسک) ترکیہ میں ڈرائیور کے سو جانے کے باعث تیز رفتار بس پُل سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں 9 مسافر جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ سے مغربی شہر ایسکیشیر جانے والی کی مصروف ترین مرکزی ہائی وے پر ایک تیز رفتار بس پل سے ٹکرا گئی۔ یہ حادثہ صبح 5 بجے پیش آیا۔
پولیس کا کہناتھا کہ ابتدائی تفتیش میں ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ ڈرائیور نے بس کو روکنے کے لیے بریک لگانی کی کوشش کی ہو جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ دورانِ سفر سو گیا تھا۔
پولیس کا کہناتھا کہ تاہم واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
اس خوفناک حادثے میں 9 مسافر جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
