Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

جیلی فِش کے جھُنڈ نے فرانس کا سب سے بڑا جوہری پاور پلانٹ بند کروا دیا

پیرس(انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس میں ایک حیران کن اور غیر معمولی واقعہ پیش آیا جب جیلی فِش کے ایک بڑے جھُنڈ نے ملک کے سب سے بڑے جوہری بجلی گھروں میں سے ایک کو اچانک بند کروا دیا۔ دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق شمالی ساحل پر واقع گراوی لینز نیوکلیئر پاور پلانٹ اُس وقت مکمل طور پر آف لائن ہوگیا جب جیلی فِش نے ری ایکٹرز کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے دریا سے پانی کھینچنے والے نظام کو جام کر دیا۔

پلانٹ کے آپریٹر EDF کے مطابق اتوار کی رات کو تین ری ایکٹرز خودکار نظام کے تحت بند ہوگئے کیونکہ پمپنگ اسٹیشن کے فلٹرز جیلی فِش سے بھر گئے تھے۔ کچھ دیر بعد چوتھا ری ایکٹر بھی رک گیا، اور یوں پورا پلانٹ بند ہو گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ باقی دو ری ایکٹرز پہلے ہی مرمت کی وجہ سے بند تھے۔ یہ پاور پلانٹ تقریباً 50 لاکھ گھروں کو بجلی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ EDF نے وضاحت کی کہ اس واقعے سے نہ تنصیبات کو کوئی نقصان ہوا، نہ ہی عملے یا ماحول کو خطرہ لاحق ہوا۔ حتیٰ کہ فرانس سے برطانیہ کو بجلی کی فراہمی پر بھی کوئی اثر نہیں پڑا۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ جیلی فِش نے اس نوعیت کا مسئلہ پیدا کیا ہو۔ 2021 میں اسکاٹ لینڈ کا ٹورنیس نیوکلیئر پلانٹ بھی ایک ہفتے کے لیے بند ہوا تھا جب جیلی فِش نے پانی کے انٹیک پائپ کے فلٹرز کو بلاک کر دیا تھا، اور 2011 میں بھی اسی پلانٹ کو ایک ہفتے کے لیے بند کرنا پڑا تھا۔

ایسے واقعات سویڈن، امریکہ، جاپان اور فلپائن میں بھی دیکھنے میں آ چکے ہیں، جہاں جیلی فِش کے جھُنڈ جوہری یا کوئلے سے چلنے والے پلانٹس کی ٹھنڈک کے نظام کو متاثر کر کے انہیں بند کروا دیتے ہیں۔
مزیدپڑھیں:سائنسدانوں نے لیبارٹری میں ننھا مگر مکمل ’انسانی دماغ‘ تیار کر لیا

یہ بھی پڑھیں