Search
Close this search box.
هفته ,20 جون ,2026ء

عوام کے ہاتھوں گوگل میپس ٹیم کی پٹائی، مگر کیوں؟

واشنگٹن(نیوز ڈیسک)گوگل میپس کی ایک ٹیم کو بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع کانپور کے ایک گاؤں میں دیہاتیوں نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

بھارتی ریاست اترپردیشن کے گاؤں بیرہر میں گوگل میپس کے لیے کام کرنے والی ٹیم، جو ٹیک مہندرا کے ذریعے آؤٹ سورس کی گئی تھی، کیمروں سے لیس ایک گاڑی کے ذریعے گاؤں کی گلیوں کی نقشہ کشی کر رہی تھی۔ ٹیم علاقے کی سڑکوں کی تصویریں لے رہی تھی تاکہ گوگل میپس پر درست نقشہ اپ لوڈ کیا جا سکے۔

مقامی افراد نے جب کیمرہ فٹ گاڑی دیکھی تو انہیں شک ہوا کہ یہ لوگ چوری کی نیت سے معلومات اکٹھی کررہے ہیں۔ کچھ ہی دیر میں متعدد دیہاتیوں نے ٹیم کو گھیر لیا، ان سے پوچھ گچھ کی اور بات بڑھتے بڑھتے ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔

صورتحال اس وقت قابو میں آئی جب پولیس موقع پر پہنچی اور ٹیم کو دیہاتیوں سمیت تھانے لے گئی، جہاں گوگل میپس کی ٹیم نے وضاحت دی کہ وہ چور نہیں بلکہ نقشہ سازی کے لیے آئے تھے، اس کے بعد دیہاتیوں کا غصہ ٹھنڈا ہوا۔

گوگل میپس سے منسلک ایک ملازم نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے سروے کے لیے ڈی جی پی سے اجازت لے رکھی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف اپنا پیشہ ورانہ کام کررہے تھے لیکن بدقسمتی سے غلط فہمی کا شکار ہوگئے۔

مقامی افراد کے مطابق علاقے میں حالیہ دنوں میں چوری کی وارداتیں بڑھی ہیں جس کے باعث وہ چوکس تھے اور یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

گوگل میپس کی ٹیم نے دیہاتیوں کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کرایا۔ پولیس کے مطابق، علاقے میں اب امن و امان کی صورتحال معمول پر ہے، پولیس فورس تعینات ہے اور دیہاتیوں کو پرامن طریقے سے منتشر کر دیا گیا ہے۔
مزیدپڑھیں:شانگلہ: سیلاب میں چرواہے کی قربانی، ہاتھ کٹ گیا مگر 8 افراد کو بچا لیا

یہ بھی پڑھیں