سلووینیا (نیوز ڈیسک) وہ پاکستانی شہری جو یورپی ملک میں مستقل رہائش کا خواب دیکھتے ہیں تعبیر پانے کے لیے درج ذیل طریقہ کار پر عمل کریں۔
براعظم یورپ میں شامل ممالک دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں میں شمار ہوتے ہیں۔ خوبصورت نظارے، دولت کمانے کے مواقع اور دیگر سہولتیں ہر ترقی پذیر ملک کے باسی کو متاثر کرتی ہیں۔
ایسا ہی ایک خوبصورت یورپی ملک سلووینیا ہے، جہاں حسین پہاڑی مناظر، پرسکون فضا، بلند معیار زندگی اور شہری سہولتیں ہیں۔ اس کو دیکھ کر ہر کوئی اس کو مستقل مسکن بنانے کا خواہشمند ہو سکتا ہے۔
سلووینیا میں پاکستانی شہریوں کے لیے مستقل رہائش حاصل بہت آسان ہے، تاہم اس کی کچھ شرائط بھی ہیں۔
مستقل رہائش کیسے ملے گی؟
اگر آپ سلووینیا کو اپنا مستقل مسکن بنانا چاہتے ہیں تو وہاں کے قانون کے مطابق وہاں مسلسل 5 سال مگر قانونی طور پر عارضی مقیم رہنا پڑے گا، جس کے بعد پاکستانی شہری وہاں مستقل رہائش کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
طویل غیر حاضری یا بیرونِ ملک قیام سے یہ تسلسل ٹوٹ سکتا ہے۔ تاہم مختصر بیرونی ملک دوروں سے یہ اہلیت متاثر نہیں ہوگی۔
سلووینیا میں عارضی رہائش عام طور پر ایک سال کے لیے جاری کی جاتی ہے۔ تاہم ہر سال اس کی تجدید ضروری ہوتی ہے، لیکن اس کے لیے ملازمت یا تعلیمی سلسلہ جاری رہنا ضروری ہے۔۔
اسی طرح موسمی ملازمت یا عارضی تعلیمی قیام کے ادوار کو مکمل طور پر نہیں گنا جاتا، بلکہ تعلیم کے عرصے کو عام طور پر آدھی مدت کے برابر تصور کیا جاتا ہے۔
تاہم 5 سال کی شرط ان لوگوں کے لیے ہے، جنہوں نے سلووینیا میں ملازمت، تعلیم، کاروبار یا خاندانی بنیادوں پر رہائش اختیار کی ہو۔ اگر کوئی شخص اس ملک کے شہری یا وہاں کے مستقل رہائشی خاندان کا حصہ ہے تو وہ 2 سال میں بھی مستقل رہائش کا اہل ہو سکتا ہے۔
درخواست کیسے دیں؟
اگر آپ سلووینیا میں رہائش پذیرہیں تو آپ کو اپنی درخواست ضلعی انتظامی دفتر میں جمع کرانی ہوتی ہے۔ جب کہ ملک سے باہر موجود درخواست گزار اپنی درخواست سفارت خانے یا قونصل خانے میں جمع کرا سکتے ہیں۔
درخواست کے لیے درکار دستاویزات:
درست پاسپورٹ یا شناختی کارڈ
گزشتہ پانچ سال کی قانونی رہائش کا ثبوت (ریذیڈنس کارڈز، انٹری اسٹیمپس وغیرہ)
رجسٹرڈ پتہ یا رہائش کی تصدیق
سلووینیا میں موثر ہیلتھ انشورنس
مالی حیثیت کا ثبوت (بینک اسٹیٹمنٹ، ملازمت کا معاہدہ، یا تنخواہ کی رسیدیں)
پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ (سلووینیا اور اپنے آبائی ملک دونوں سے)
ٹیکس اور سوشل انشورنس کی ادائیگی کا ثبوت (اگر قابلِ اطلاق ہو)
تمام دستاویزات کے ساتھ فارم جمع کروانے کے بعد یورپی کرنسی یورو میں فیس ادا کرنا ہوتی ہے، جو معمولی ہوتی ہے۔
درخواست کی جانچ پڑتال میں چند ہفتے سے لے کر چند ماہ تک کا وقت لگ سکتا ہے اور کبھی کبھار اضافی دستاویزات کی بھی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
منظوری کے بعد درخواست گزار کو ”ای یو لانگ ٹرم ریزیڈنٹ“ کے عنوان سے مستقل رہائش کارڈ جاری کیا جاتا ہے، جو انہیں غیر معینہ مدت تک رہنے اور کام کرنے کا حق دیتا ہے۔
مستقل رہائش کے ساتھ کیا شہریت بھی مل جاتی ہے؟
مستقل رہائش کا حق ملنے کے بعد کسی بھی شخص کو ملازمت یا تعلیم جیسے جواز کی ضرورت نہیں رہتی، بلکہ یہ شہریت یورپی یونین کے اندر مخصوص نقل وحرکت کا حق بھی دیتی ہے۔
پانچ سال کی قانونی قیام کے بعد حاصل ہونے والی مستقل رہائش نہ صرف استحکام اور تحفظ فراہم کرتی ہے بلکہ یورپی یونین میں طویل المدتی امکانات کے دروازے بھی کھول دیتی ہے۔
مستقل رہائش کا حق ملنا آپ کو سلووینیا کی شہریت نہیں دلاتا، تاہم اس کا زینہ ضرور ثابت ہوتا ہے۔ شہریت حاصل کرنے کے لیے عام طور پر دس سال کی قانونی رہائش ضروری ہے، جن میں آخری پانچ سال مسلسل ملک میں گزارنے لازمی ہیں۔
سلووینیا کی شہریت حاصل کرنے کے لیے مزید شرائط:
شہریت کے لیے سلووینیا کی زبان میں مہارت، صاف کردار اور سماجی انضمام کی بھی شرائط رکھی گئی ہیں۔
مزیدپڑھیں:نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے انتخاب کیلئے 4 امیدوار میدان میں آگئے
