سعودی عرب (ویب نیوز) پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے فیصلے کا سعودی عرب نے پرزور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن و استحکام کے لیے نہایت اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کی جانب ایک مضبوط بنیاد کے طور پر دیکھتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب ہر اُس سفارتی اور بین الاقوامی کوشش کی مکمل حمایت کرتا ہے جس کا مقصد جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینا ہو، تاکہ پاکستان اور افغانستان کے عوام ایک پُرامن مستقبل کی جانب گامزن ہوسکیں اور ترقی کے ثمرات سے مستفید ہوں۔
مملکت نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ یہ جنگ بندی دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے عمل کو تقویت دے گی اور خطے کو دہشت گردی، سرحدی تنازعات اور عدم استحکام جیسے چیلنجز سے نجات دلانے میں معاون ثابت ہوگی۔
سعودی وزارتِ خارجہ نے اس موقع پر قطر اور ترکیہ کے تعمیری کردار اور سفارتی کوششوں کو بھی بھرپور طور پر سراہا، جنہوں نے تنازع کو کم کرنے اور مذاکراتی عمل کو کامیابی کی طرف لے جانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مملکت نے ان ممالک کی غیرجانبدارانہ کاوشوں کو خطے کی قیامِ امن کی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
مزید پڑھیں: عدالت کاپی ٹی آئی کی اہم شخصیت کو گرفتار کرنے کا حکم




