Search
Close this search box.
جمعه ,03 جولائی ,2026ء

ڈاکٹر نے محبوبہ کی خاطر اہلیہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا

نئی دہلی(نیوز ڈیسک)بھارتی سرجن نے شادی کے ڈیڑھ سال بعد اپنی بیوی کو محبوبہ کی خاطر ابدی نیند سُلا دیا، بعدازاں ڈیجیٹل پے منٹ ایپلیکیشن کے ذریعے محبوبہ کو بیوی کو ہلاک کرنے کی خبر بھی بھیج دی۔

ڈاکٹر مہندر ریڈی نامی سرجن، جو اپنی ڈرمٹولوجسٹ اہلیہ ڈاکٹر کرُتیکا ریڈی کے قتل کے الزام میں گرفتار ہیں، نے جرم کے فوراً بعد اپنی مبینہ محبوبہ کو ایک پیغام بھیجا جس میں لکھا تھا ’میں نے تمہارے لیے اپنی بیوی کو مار دیا۔‘

تحقیقاتی حکام کے مطابق، یہ پیغام ایک ڈیجیٹل پیمنٹ ایپلیکیشن کے ذریعے بھیجا گیا تھا۔ پولیس نے یہ پیغام ملزم کے موبائل فون کی فارنزک جانچ کے دوران دریافت کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون سے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے اور ان کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے، تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

واقعہ 21 اپریل کو پیش آیا، جب ڈاکٹر مہندر ریڈی نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ کو اینستھیٹک (بیہوشی دینے والی) دوا کی زیادہ مقدار دے کر قتل کیا، بیوی کی طبیعت خراب ہونے کا بہانہ کرتے ہوئے اسے قریبی اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹر کرتیکا ریڈی کو مردہ قرار دے دیا گیا۔

بعد ازاں فارنزک سائنس لیبارٹری (FSL) کی رپورٹ میں مقتولہ کے جسم میں پروپوفول (Propofol) نامی طاقتور دوا کے آثار پائے گئے، جو کہ ایک ممنوعہ انجکشن دوا ہے اور صرف ماہر ڈاکٹروں کے زیرِ استعمال آتی ہے۔

گھر کی تلاشی کے دوران پولیس نے کینولا سیٹ، انجکشن ٹیوب اور دیگر طبی سامان برآمد کیا، جس نے شبہ کو مزید مضبوط کیا، مقتولہ کے والد نے رپورٹ کی بنیاد پر داماد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرایا۔ اس کے بعد 15 اکتوبر کو ڈاکٹر مہندر ریڈی کو 6 ماہ بعد گرفتار کیا گیا۔

بنگلورو پولیس کمشنر سیمانتھ کمار سنگھ نے بتایا ’اب تک جمع ہونے والے شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ شوہر ہی قتل میں ملوث ہے۔ وہ خود بیوی کو اسپتال لایا اور یہ ظاہر کیا کہ وہ پہلے سے بیمار تھی۔ لیکن فارنزک رپورٹ سے واضح ہوا کہ اسے غیر قانونی طور پر دوا کا انجکشن دیا گیا، جو بدنیتی پر مبنی عمل کی نشاندہی کرتا ہے۔‘

پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم نے اپنی طبی مہارت کو استعمال کرتے ہوئے قتل کو فطری موت کا رنگ دینے کی کوشش کی، ڈاکٹر مہندر ریڈی اور ڈاکٹر کرتیکا ریڈی کی شادی 26 مئی 2024 کو ہوئی تھی۔ دونوں وِکٹوریہ اسپتال بنگلورو میں ملازم تھے۔
27مزیدپڑھیں:ویں آئینی ترمیم کے اثرات انتہائی خطرناک ہوں گے، منظور نہیں ہونے دیں گے، اپوزیشن اتحاد

یہ بھی پڑھیں